نیویارک،23دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں ایک پرواز کو اس وقت ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک مسافر نے اس کی وائی فائی ڈیوائس کا نام تبدیل کر کے سام سنگ گلیکسی نوٹ7 رکھ دیا۔خیال رہے کہ امریکی محکمہ مواصلات سام سنگ گلیکسی نوٹ 7کے کئی موبائل فونز کو آگ لگنے کے بعد اس کے جہاز پر لے جانے پر پابندی عائد کر چکا ہے۔منگل کو لوکس وشیووسکی ورجن امیریکہ کی سان فرانسسکو سے بوسٹن جانے والی پرواز 358پر سوار تھے۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے جب اپنا لیپ ٹاپ کھولا اور اس نام سے ہاٹ سپاٹ دیکھا تو اس کی تصاویر بنا لیں۔جس کے بعد جہاز پر ایک کال جاری کی گئی کہ جس کسی کے پاس بھی نوٹ 7ہے وہ اس کال کا جواب دیں۔بعد ازاں لوکس وشیووسکی نے جہاز کے عملے کی جانب سے اعلانات کے حوالے سے ٹوئٹس کیں جس میں پائلٹ کی جانب سے مسافروں کو خبردار کیا گیا تھا کہ انھیں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑ سکتی ہے۔عملے کی جانب سے کیے جانے والے اعلانات میں کہا گیا تھا کہ یہ مذاق نہیں ہے ہم لائٹیں آن کر کے اس وقت تک سب کے بیگوں کی تلاشی لیں گے جب تک ہمیں یہ فون مل نہیں جاتا۔یہ کپتان آپ سے مخاطب ہے۔ شاید ہمیں جہاز کا رخ تبدیل کرکے سب کی تلاشی لینا پڑے جب تک کوئی جلد ہی خود نہیں بتا دیتا۔اس کے بعد اس ڈیوائس کے مالک سامنے آئے اور انھوں نے تسلیم کیا کہ جہاز پر سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 نہیں ہے لیکن انھوں نے ان کے ایس ایس آئی ڈی وائرلیس ڈیوائس کا نام تبدیل کر کے سام سنگ گلیکسی نوٹ 71097 رکھ دیا تھا۔لوکس وشیووسکی کے مطابق بعد میں جہاز کے عملے نے اعلان کیا کہ خواتین و حضرات، ہم نے ڈیوائس تلاش کر لی ہے۔ خوش قسمتی سے ڈیوائس کا صرف نام تبدیل کیا گیا تھا۔ یہ اصل میں گلیکسی نوٹ 7نہیں تھا۔